اسوہ فاطمہ: جیل روڈ سے متصل برف خانہ والی گلی بری طرح ٹوٹ پھوٹ گئی۔ عرصہ دراز سے یہ سڑک ٹوٹی پھوٹی پڑی ہے اور آج کل بارش کے بعد کیچڑ سے اٹی پڑی ہے جس کے باعث حادثات ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ سے بار ہا درخواستیں کرنے کے بعد علاقہ کے مکینوں نے اس سڑک کو اپنی مدد آپ کے تحت مرمت کروایا لیکن اب سڑک بری طرح ٹوٹ پھوٹ چکی ہے اور شہری کہتے ہیں کہ وہ بار بار تو اسے اپنی مدد آپ کے تحت مرمت نہیں کروا سکتے۔ انتظامیہ کو اس سڑک کو بھی لاہور کا حصہ تصور کرتے ہوئے اس کی دوبارہ تعمیر کروانا چاہئے۔
اس سڑک پر بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، سٹریٹ لائٹس مدت سے خراب پڑی ہیں۔ آج کل بارش کے دنوں میں میں کیچڑ گڑھوں میں جمع ہو کر علاقہ کے رہائشیوں کی مشکلات دوچند کر دیتی ہے۔ اندھیرے میں یہ گڑھے حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
کیچڑ جمع ہونے اور سٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی نے آج کل اس سڑک کو عملاً ناقابلِ استعمال بنا ڈالا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس سڑک کی مرمت کروائی جائے اور سٹریٹ لائٹس بحال کی جائیں تاکہ ٹریفک کے کسی بڑے حادثہ سے بچا جا سکے۔