ویب ڈیسک : چیئرمین ڈرگ کورٹ لاہور محمد نوید رانا نے مقدمات نمٹائے اور ملزمان کو سزائیں سنانے کا ریکارڈ قائم کردیا،جعلی ادویات بنانے کے آخری مقدمے میں ملوث دو ملزمان کو 10 کروڑ 10 لاکھ روپے جرمانہ اور 24 سال کی قید کی سزا سنائی گئی ، جس کے بعد لاہور ڈرگ کورٹ میں زیر سماعت مقدمات کی تعداد زیرو ہوگئی ۔
چیئرمین ڈرگ کورٹ لاہور محمد نوید رانا نے ملزمان غلام مرتضی اور احمد رضا کو بغیر لائسنس، جعلی ادویات بنانے پر دس کروڑ دس لاکھ جرمانہ کے ساتھ ساتھ 24 سال قید کی سزا سنائی ۔
ذرائع کے مطابق ڈرگ کورٹ کی تاریخ میں ایک مقدمہ میں دی گئی سب سے بڑی سزا ہے، جس کے بعد اب ڈرگ کورٹ لاہور میں زیر التواء مقدمہ کی تعداد زیرو ہوگئی ہے۔ ڈرگ کورٹ نے گواہوں کے بیانات اور وکلاء کے دلائل سننے کے بعد کیس کا فیصلہ سنایا۔
واضح رہے کہ اس وقت ڈرگ کورٹ لاہور میں کوئی کیس زیرالتوا اور زیر سماعت باقی نہیں ۔ دوسری جانب چیئرمین ڈرگ کورٹ محمد نوید رانا کی جانب سے جولائی کی کارکردگی رپورٹ رجسٹرار ہائیکورٹ کو بھجوائی جائے گی ۔