شاہد سپرا : لیسکو کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ہونیوالی اووربلنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آ گئی، نیب اور ایف آئی اے کی تحقیقات کے دوران لیسکو نے بجلی کے بلوں پر ریڈنگ کی مقررہ تاریخ شائع کرنے کا آغاز کر دیا۔
نیب اور ایف آئی اے نے بجلی کے بلوں پر ریڈنگ کی مقررہ تاریخ شائع نہ کرنے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے،انکوائری کے دوران لیسکو نے رواں ماہ سے ریڈنگ کی تاریخ شائع کرنا شروع کردی ہے۔ جس سے بجلی کے صارفین ریڈنگ کی مقررہ تاریخ سے استعمال شدہ یونٹس کا اندازہ لگا سکیں گے، جبکہ مقررہ تاریخ اور میٹرکی تصویر پر درج تاریخ اور ٹائم کی مدد سے موازنہ کیا جا سکے گا، واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پروریٹا سسٹم کے ذریعے صارفین کو اضافی یونٹس چارج کئے گئے ہیں، اضافی یونٹس چارج ہونے پر نیب اور ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا،تحقیقاتی ٹیموں نے بلوں پر ریڈنگ تاریخ غائب ہونے کی نشاندہی کی تھی، لیسکو ریڈنگ کی مقررہ تاریخ بلوں سے غائب کرنے پر مناسب جواب نہیں دے سکی تاہم بلوں پر ریڈنگ کا تاریخ شائع کرنے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
لیسکو کی جانب سے اووربلنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت
24 Jul, 2024 | 03:36 PM