مائدہ وحید:شہر لاہور میں بادلوں کاراج برقرار، دن کے مختلف اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے جبکہ رات گئے کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں کل سے شروع ہونے والے بارشوں کے سپیل کا سلسلہ آج بھی جاری ، لاہور کے مختلف علاقوں میں علی الصبح بوندا باندی کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی آگئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہور کا موجودہ درجہ حرارت29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آج درجہ حرارت35ڈگری تک جانے کاامکان ہے۔ہوا میں نمی کاتناسب79فیصد ریکارڈ کیاگیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبارسےلاہوردوسرےنمبر پر آگیا ہے، فضا میں آلودگی کی مجموعی شرح159ریکارڈ کی گئی ہے، زکی فارم 197،سید مراتب علی روڈمیں شرح191ریکارڈ، سی ای آر پی آفس184 جبکہ یوایس قونصلیٹ میں شرح170ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد کا موسم مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے جبکہ شہر میں جنوب مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ائیر کولٹی انڈیکس کے مطابق شہر کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی 18ویں نمبر پر جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی چوتھے نمبر پرآ گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل 25 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ پنجاب ، اسلام آباد،خطہ پوٹھوہار، کشمیر، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرقی پنجاب، کشمیر اور با لا ئی خیبر پختو نخوا میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، سرگودھا، خوشاب، بھکر، میانوالی، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، پاکپتن، وہاڑی، خانیوال، ملتان، قصور، اوکاڑہ، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اس دوران لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، راولپنڈی، چکوال، جہلم، حافظ آباد، فیصل آباد اور سرگودھا میں موسلادھار بارش ہونے کی بھی توقع ہے۔ دیر،چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مردان، نوشہرہ، صوابی، ہری پور، خیبر، پشاور، کرم، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران بالاکوٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مالاکنڈ، دیر، مہمند، خیبر، اورکزئی، باجوڑ، بونیر اورکرم میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آج موسلا دھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کرم، اورکزئی، خیبر، مہمند، نوشہرہ، صوابی،کشمیر، ڈ یرہ غا زی خان، موسیٰ خیل بارکھان، کو ہلو اور لورالائی کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کا اندیشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا بھی خطرہ ہے۔