ویب ڈیسک: پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بہاول پور کی اسلامیہ یونیورسٹی میں منشیات اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی اطلاعات کو المناک قرار دیتے ہوئے اس صورتحال پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور اس شرمناک واقعے میں ملوث تمام افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
پیر کی سہ پہر سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے آفیشل اکاونٹ سے ایک پوسٹ میں نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا : اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات فروشی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کی المناک خبر سے دلی دکھ ہوا۔ صوبائی سیکرٹری اور دو ڈی آئی جیز سمیت اعلیٰ سطح کی 3 رکنی ٹیم 72 گھنٹے میں انکوائری رپورٹ پیش کرے گی۔ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا اور اس شرمناک واقعے میں ملوث تمام افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ آئیے ایک محفوظ اور اخلاقی طور پر درست معاشرے کے لیے کوشش کریں۔
واضح رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مبینہ طورپر منشیات فروشی کے معاملے پر 3 رکنی انکوائری کمیٹی بنا چکے ہیں،کمیٹی میں سیکرٹری معدنیات بابر امان بابر، ڈی آئی جی امین بخاری اور ڈی آئی جی راجہ فیصل شامل ہیں،کمیٹی اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپورکے واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات کرےگی اور واقعے میں ملوث افراد کا تعین کرتے ہوئے رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کرے گی۔