ویب ڈیسک: سری لنکا اور پاکستان کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ جاری ہے جب کہ سری لنکا کی مکمل ٹیم 166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے اسپنر ابرار احمد نے 4 اور فاسٹ بولر نسیم شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ نے انجیلو میتھیوز ، کپتان دیموتھ کرونارتنے اور دنیش چندیمل کو آؤٹ کیا۔ابرار احمد نے بیٹر سدیرا، دھننجیا ڈی سلوا، اسیتھا فرنینڈو اور رمیش مینڈس کو پویلین لوٹایا۔
لنکن اوپنر نشان مدوشکا اور پربھات جے سوریا کو شان مسعود نے زبردست رن آؤٹ کیا، جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے کوشال مینڈس کی وکٹ لی۔ سیریز کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا جارہا ہے جس کا ٹاس بارش کے سبب تاخیر سے ہوا، سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وہ ہی کھلاڑی کھیلیں گے جو پہلے ٹیسٹ میچ میں کھیلے تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کو چار وکٹوں سے شکست دی تھی۔