(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے پر حکومتی اتحاد نے فل کورٹ کی تشکیل کیلئے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے معاملے میں حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں نے فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کے لیے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس حوالے سے حکومتی اتحادی اور پی ڈی ایم کی جماعتوں کے قائدین کل صبح ساڑھے 10 بجے مشترکہ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کریں گے جس کے بعد اپنے وکلاء کے ہمراہ مشترکہ طور پر سپریم کورٹ جائیں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب، سپریم کورٹ بار کی نظر ثانی درخواست اور متعلقہ درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرنے کی استدعا کی جائے گی۔
اس درخواست کے لیے پاکستان مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) سپریم کورٹ جائیں گے۔ درخواست گزاروں میں ایم کیوایم، اے این پی، بی این پی، باپ سمیت دیگر اتحادی جماعتیں بھی شامل ہیں۔