(ویب ڈیسک)لاہور میں آج محرم الحرام کے حوالے سے اجلاس ہوا، علامہ طاہر اشرفی نے کہا کسی بھی صورت چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہیں ہونا چاہیے۔
تفصیلات کےمطابق چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ نوجوان نسل کے ایمان اور عقیدت کو تباہ کرنے والوں کےخلاف علیحدہ عدالتیں قائم کی جائیں، عدالتیں قائم کر کے مجرموں کو جلد از جلد سزائیں سنائی جائیں۔ توہین مذہب کا غلط استعمال نہیں کرنے دیا جا رہا ہے۔
ان کا کہناتھا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائےگا، لاہور اور اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے، کسی کی جان کے درپے ہونا شریعت اسلامیہ کے خلاف ہے، کارکنوں سے اپیل ہے گالم گلوچ سے پرہیز کریں تاکہ امن کے فضا قائم ہو سکے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کو طے کیا گیا ہے، تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین ہم آہنگی کے لئے کام کریں، ملک میں امن و امان کے لئے سب اپنا کردار ادا کریں، ہم افواج پاکستان کے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، کسی بھی صورت چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال نہیں ہونا چاہیے۔
ان کا مزید کہناتھا کہ کسی کو کافر قرار دینا کسی جماعت یا گروہ کا اختیار نہیں بلکہ ریاستی اختیار ہے، پاکستان کے تمام مذاہب کو اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کا مکمل حق حاصل ہے، آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنے والوں کو ریاست سزا دے سکتی ہے، خواتین کو وراثت کا حق دینا شریعت اسلامیہ میں موجود ہے۔
ریاست پاکستان کےخلاف مسلح بغاوت شرعی طور پر درست نہیں ہے، شیعان حیدر کرار کو مجالس اور جلوس نکالنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیے۔