سٹی 42: عید کے تین دن کہیں عزتیں لٹیں تو کہیں گھر ، عید کے تین روز میں دو بچوں اور سات خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ ایک سو پچاسی چوری کی وارداتوں میں شہریوں کروڑوں روپے نقدی سے محروم ہوگئے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق عید کے تین ایام میں چوری کی 185 وارداتیں ہوئیں، بارہ گھروں کے تالے توڑ کر لوٹ مار کی گئی۔ اسی طرح غریب کی سواری موٹر سائیکل چوری کی 76 وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں سات خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا، دو کمسن بچے بھی عید کے پہلے روز جنسی درندگی کا نشانہ بنے۔ سٹریٹ کرائم کی نو وارداتیں رپورٹ ہوئیں جبکہ تینتیس سے زائد درخواستوں پر تاحال مقدمہ درج نہیں ہوا۔
دوسری جانب مجرموں کی خودساختہ صوبہ بدری پولیس کے لیے چیلنج بن گئی۔پولیس افسران کاکہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد جرم کرنے کے بعد سندھ میں پناہ لیتےہیں، سندھ والے لاہور میں، تاہم اب ٹینٹ رجسٹریشن سافٹ ویئر کراچی پولیس بھی استعمال کرے گی۔
اس کے ذریعے سے پنجاب سے فرار ہو کر کراچی اور کراچی سے فرار ہو کر لاہور آنے والے ملزموں کا ڈیٹا شیئر کیا جائے گا۔ لاہور پولیس کے ٹینٹ رجسٹریشن میں چار لاکھ سے زائد کرایہ داروں کا ڈیٹا موجود ہے۔