نور مقدم کی پوسٹمارٹم رپورٹ میں دل دہلا دینے والے انکشافات

24 Jul, 2021 | 10:06 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق پاکستانی سفیر شوکت علی مقدم کی بیٹی نور مقدم کی پوسٹمارٹم رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے جس میں دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

پوسٹمارٹم رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ مقتولہ کا سر دھڑ سے الگ کیا گیا ، مقتولہ کے جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں ، موت کی وجہ دماغ کو آکسیجن سپلائی کی بندش ہے۔

پوسٹمارٹم رپوٹ میں بتایا گیا کہ نور مقدم کے گھٹنے کے نیچے کے حصے پر بھی زخموں کے نشانات ہیں جبکہ جسم پر متعدد مقامات پر چاقو کے گہرے زخم ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے معدے سے لیا گیا مواد فرانزک کیلئے لیبارٹری بھجوایا گیا ہے، معدے کی فرانزک رپورٹ فی الحال پولیس کو موصول نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے نور مقدم کی جائے قتل کی تصویر جاری کر دی، پولیس کی جانب سے جاری تصویر میں نظر آنے والے کمرے میں نور مقدم کے خون کے دھبے دیکھے جا سکتے ہیں۔ 

واضح کہ 20جولائی کو پاکستان کے سابق سفیر کی 28سالہ بیٹی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا تھا ، مقتولہ کے والد کی مدعیت میں ملزم ظاہر جعفر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جو کہ مقامی تاجر کا بیٹا ہے جبکہ ملزم کو جائے وقوعہ سے مبینہ طور پر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا۔

مزیدخبریں