لوئر مال (علی رامے) محکمہ خزانہ نے لاہور کے ہسپتالوں اور ڈسپنسریز کیلئے 56 کروڑ کے فنڈ زجاری کردیئے، زیادہ تر فنڈز پنجاب ایگریکلچر فوڈ اتھارٹی کی عمارت کو مکمل کرنے کے لئے رکھے گئے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے لئے اس مالی سال میں 73 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کیا گیا، محکمہ خزانہ پنجاب نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے جاری منصوبوں کو پہلا کوارٹرز جاری کردیا، بائیو میڈیکل ورکشاپ کی ری ماڈلنگ کے لئے 6 کروڑ روپے، پنجاب ایگریکلچر فوڈ ڈرگ اتھارٹی کو 50 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں، پنجاب ایگریکلچر فوڈ ڈرگ اتھارٹی کی عمارت کے جاری تعمیراتی کام کو اس سال مکمل کردیا جائے گا۔
دوسری جانب لاہور کے تین بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں ادویات کی لوکل پرچیز میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا، محکمہ صحت نے انکوائری کا فیصلہ کرلیا،محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سروسز ہسپتال، میو ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں لوکل پرچیز کی انکوائری کی جائے گی، انکوائری کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
محکمہ صحت کے ڈپٹی ڈائریکٹر آڈٹ علمدار حسین انکوائری کمیٹی کے کنوینر مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمادالرب اور کنٹریکٹ منیجر شفیق حسین کمیٹی کے ممبر مقرر کیے گئے ۔