"نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہو رہا ہے "

24 Jul, 2020 | 10:42 PM

Arslan Sheikh

( علی اکبر ) مسلم لیگ (ق) کے قائدین کے ترجمان نے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہو رہا ہے، ہمارے خلاف پرانے کیسز بار بار کھولے اور بند کئے جاتے ہیں۔

چودھری برادران کے ترجمان نے نیب کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہو رہا ہے، ہمارے خلاف پرانے کیسز بار بار کھولے اور بند کئے جاتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ بیس سال پرانے کیس کی دوبارہ سماعت سیاسی انجینئرنگ نہیں تو اور کیا ہے؟ جبکہ درخواست دینے والا نامعلوم ہے اور دوبارہ اس معاملے کو کھولنے کی وجوہات بھی نامعلوم ہیں، اب معاملہ عدالت میں ہونے کے باوجود میڈیا ٹرائل کی وجہ کیا ہے؟ اس کا بھی کچھ پتہ نہیں۔

ترجمان نے کہا کہ نیب اپنے جواب میں چودھری صاحبان کا کوئی ایسا اثاثہ نہیں بتا سکا جو ان کی آمدن سے زیادہ ہو، نیب 20 سال میں چودھری صاحبان کی طرف سےکرپشن کا کوئی ثبوت بھی پیش نہیں کر سکا۔ نیب کے جواب میں بھی چودھری صاحبان کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال یا کسی کرپشن میں کک بیکس یا بدعنوانی کا کوئی ذکر نہیں ہے، نیب نے قرضے لینے اور معاف کروانے والا کیس بھی خود ہی بند کر دیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نیب نے تسلیم کیا کہ چودھری صاحبان نے کوئی غلط قرضہ نہیں لیا نہ ہی کوئی قرضہ معاف کروایا، لیکن یہی کیسز سیاسی انجینئرنگ کیلئے بار بار کبھی بند کئے جاتے ہیں کبھی کھول دئیے جاتے ہیں۔

مزیدخبریں