آن لائن امتحان کیسے لیا جائے گا؟ طلبا کیلئے اہم خبر

24 Jul, 2020 | 06:57 PM

Malik Sultan Awan

(اکمل سومرو) پنجاب یونیورسٹی ایک لاکھ امیدواروں کا آن لائن امتحان سیف ایگزام براؤزر کے تحت لے گی،یہ امتحان کیسے لیا جائے گا؟

تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی نے 41 ہزار سے زائد امیدواروں کو سیف ایگزام براؤزر میں لاگ ان کرنے کیلئے پاس ورڈ جاری کر دیے ہیں۔ امیدوار امتحان سے قبل یہ براؤزر ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ امیدواروں کو اپنے کمپیوٹر پر امتحان دینے کیلئے ایک کیمرہ اور ہیڈ فون رکھنا ہوگا، امتحان کو سکیورٹی پروف بنایا گیا ہے۔

سیف ایگزام براؤزر میں لاگ ان سے پہلے امیدوار کو گوگل میٹ میں پاس ورڈ کے ذریعے شامل ہونا ہوگا۔ یونیورسٹی نے ہر 25 طلبہ پر ایک پراکٹر جبکہ ہر دس پراکٹرز پر ایک سپرانٹنڈنٹ تعینات کیا ہے جو کمپیوٹر پر مانیٹرنگ کر رہے ہوں گے۔ پرچہ شروع ہوتے ہی امیدوار کے کمپیوٹر پر باقی تمام ایپس خود بخود غیر فعال ہو جائیں گی۔

پنجاب یونیورسٹی میں 28 جولائی کو آن لائن فرضی امتحان ہوگا، معروضی طرز کے سوالات میں طلبہ کو ڈیڑھ گھنٹے میں پرچہ حل کرکے آن لائن ہی سبمٹ کرنا ہوگا۔

قبل ازیں    پنجاب یونیورسٹی نے گریجوایشن کے امتحانات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، یونیورسٹی حکام کے مطابق بی اے، بی ایس سی پارٹ ٹو کا آن لائن امتحان 5 اگست سے شروع ہوگا،   آن لائن امتحانات پانچ اگست سے 20 اگست تک جاری رہیں گے۔ شعبہ امتحانات نے امیدواروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ امیدوار 24 جولائی تک ای میل آئی ڈی کے تحت امتحانی لاگ ان حاصل کر سکتے ہیں، مصدقہ ای میل ایڈریس رکھنے والے امیدوار ہی امتحان میں شرکت کر سکیں گے۔

مزیدخبریں