ڈیفنس(زین مدنی) نامعلوم افراد، لوڈ ویڈنگ، ایکٹر ان لاء اور نامعلوم افراد ٹو بنانے والے نوجوان ہدایتکار نبیل قریشی اور معروف فلمساز فضا علی مرزا نے ' لیاری گینگ وار' پر ویب سیریز بنانے کا اعلان کردیا۔
ٹوئٹر پر معروف ہدایت کار نبیل قریشی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہم کافی مدت سے اس پر کام کررہے ہیں لیکن یہ ویب سیریز کے اعلان کا بہترین وقت ہے۔
نبیل قریشی نے بتایا کہ فلم میں نامور اور کثیرتعداد میں فنکار کام کریں گے اور اس ویب سیریز کو معروف فلمساز فضا علی مرزا پروڈیوس کریں گی، جلد ہی اس کی عکس بندی شروع کی جائے گی، لیاری گینگ وار ویب سیریز کو پاکستانی او ٹی ٹی پلیٹ فارم یعنی انٹرنیٹ پر ریلیز کیا جائے گا۔
پراجیکٹ کے حوالے سے فضا علی مرزا کا کہنا تھا کہ یہ ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس حوالے سے تفصیلات کے بارے میں بات کرنا قبل از وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ریسرچ مکمل ہوگئی ہے اور اسکرپٹ بھی آخری مراحل میں ہے، ہم نے ویب سیریز کی عکس بندی موسم سرما میں کرنے کا سوچا ہے۔
ویب سیریز کی کاسٹ کے حوالے سے فضا علی مرزا کا کہنا تھا کہ ابھی تک لیاری گینگ وار کی کاسٹ فائنل نہیں کی گئی ہے۔