زہریلے پانی سے سبزیوں کی کاشت روکنے کیلئے فوڈ اتھارٹی سرگرم

24 Jul, 2020 | 11:33 AM

Sughra Afzal

انار کلی بازار (عمران یونس) فوڈ اتھارٹی زہریلی سبزیوں کی کاشت روکنے کیلئے بورڈ آف ریونیو کو خط لکھے گی، خط میں صرف زیر زمین یا نہری پانی استعمال کرنے والی اراضی کو ہی سبزیاں کاشت کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی جائے گی۔

 

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عرفان میمن کے مطابق لاہور سمیت صوبہ بھر میں زہریلے پانی سے سبزیوں کو اگائے جانے کے معاملے پر فوڈ اتھارٹی بورڈ آف ریونیو کو خط لکھے گی، خط میں بورڈ آف ریونیو سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ٹیوب ویل کی تنصیب کے بغیر کسی زرعی اراضی کو کاشت کی اجازت نہ دی جائے، صرف زیر زمین یا نہری پانی استعمال کرنے والی اراضی کو ہی سبزیاں کاشت کرنے کی اجازت دی جائے۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق محکموں کی مشترکہ کوششوں سے ہی زہریلی سبزیوں کی کاشت روکی جاسکتی ہے، سیوریج نالوں سے ملحقہ اراضیوں پر ہی زیادہ تر زہریلی سبزیوں کی موجودگی سامنے آ رہی ہے، لاہور میں ہڈیارہ ڈرین اور بابو صابو کے علاقوں میں خلاف ورزیاں نظر آئیں۔

 عرفان میمن کے مطابق فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ وقتا فوقتا کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، بورڈ آف ریونیو زرعی اراضی پر کاشت کیلئے ٹیوب ویل لازم قرار دے دے تو حالات بہتر ہوجائیں گے۔

 ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ7 ماہ میں 6 ہزار ایکڑ اراضی کا سروے کیا، 3 ہزار ایکڑ اراضی پر سبزیاں تلف کیں۔

ذرائع کے مطابق لاہور اور صوبہ بھر میں فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں، پنجاب بھر میں  1 ہزار  457 مقامات کی چیکنگ کی گئی، اس دوران71 فوڈ پوائنٹس 71  سیل جبکہ ناقص انتظامات پر121 کو بھاری جرمانے کیے، 15 پوائنٹس کی پروڈکشن پر پابندی اور 3 کے خلاف مقدمات درج کرا دیئے گئے، 168 کنال پراگائی گئی سبزیوں کی چیکنگ جبکہ لیبارٹری تجزیے کیلئے  33 فوڈ پوائنٹس سے سیمپلز لیے گئے.

مزیدخبریں