سٹی 42: عیدا لضحیٰ کے حوالے سے بڑا فیصلہ۔ غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔ کسی بھی غیر قانونی مویشی منڈی کو قائم کرنے یا چلانے کی ہر گز اجازت نہیں ہو گی۔ منظور شدہ مویشی منڈیوں میں ضابطہ اخلاق کی عملداری کے لئے تمام انتظامیہ متحرک۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں قائم مویشی منڈیوں میں ہیلتھ گائیڈ لائنز کی خلا ف ورزیوں کی رپورٹس ملنے پر حکومتی مشینری حرکت میں آ گئی۔ حکومت کی جانب کہا گیا ہے کہ عوام کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے۔ حفظانِ صحت کے اُصولوں اور کرونا کے خلاف بنائی گئی حفاظتی تدابیر کو اپنانے سے ہی وَبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ہیلتھ گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کے لیے وفاق، صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں انتظامیہ کا بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا گیا۔ حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے تمام صوبوں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان اوراسلام آباد میں خصوصی مانیٹرنگ ٹیمیں ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔
خلاف ورزیوں کی صورت میں جُرمانے اور مویشی منڈیوں کو بند کیا جا سکے گا۔ فیس ماسک اور سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔ اگر ان احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو وَبا پر قابو پانا مشکل ہو گا۔ مویشی منڈیوں میں اوقات کار کی پابندی ایک مخصوص تعداد کی انٹری اور ہیلتھ گائیڈ لائن پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
دی گئی گائیڈ لائنز کے مطابق عید پر اجتماعات سے گریز کریں۔ عید پر تمام تفریخی مقامات مکمل بند رہیں گے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ بازاروں اور عید پر تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں۔ ۔ انفرادی حفاظت اجتماعی صحت اور حفاظت کی ضمانت ہے۔ ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناتے، عوام کے تعاون سے ہی کرونا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔