سٹی 42:پاکستان میں پب جی گیم بند رہے گی ،سرکاری ادارے پی ٹی اے نے فیصلہ سنادیا۔دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے بھی اپنا فیصلہ سنادیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے آن لائن گیم پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ترجمان پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ پب جی گیم انتظامیہ سے گیم کی تفصیلات اوربچوں پر برے اثرات سے بچاؤ کی تدابیر پرجواب مانگا تھا لیکن انتظامیہ نے پب جی کے سیشنز، پاکستان میں استعمال کنندگان کی تعداد اورکنٹرولز کی تفصیلات نہیں دیں۔
دوسری جانب پب جی گیم کو بحال کردیا گیا،اسلام آباد ہائیکورٹ نے پب جی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے،جسٹس عامر فاروق نے محفوظ فیصلہ سنایا۔
ترجمان پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ پب جی پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں ہونیوالی سماعت کی روشنی میں کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی مواد کا نوٹس لیتے ہوئے یوٹیوب کی بندش کا عندیا دیا تھا جس پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈیجیٹل تانیہ ایدروس اور وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری نے اس کی مخالفت کی تھی۔
یاد رہے کہ پی ٹی اے نے یکم جولائی کو ’ پب جی‘ گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کی تھی۔اس پر پی ٹی اے نے وضاحت دی تھی کہ معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے آن لائن گیم پلیئرز ان نون بیٹل گراؤنڈز ( پب جی) کے خلاف متعدد شکایات کو مد نظر رکھتے ہوئے گیم پر عارضی طور پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بعدازاں سوشل میڈیا پر گیم پر لگائی جانے والی پابندی کے حوالے سے ایک نئی بحث چھڑ گئی اور UnBanpubgInPakistan#کا ٹرینڈ مقبول ہوگیا۔اس کے علاوہ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی اے کوپب جی گیم پر پا بندی سے متعلق عوامی سماعت کاحکم دیا تھا۔