مال روڈ (سعید احمد سعید، حسن علی، شہزاد خان) تاجروں نے عید سے تین دن قبل مارکیٹیں بند کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا۔
صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عید سے تین روز قبل مارکیٹیں بند کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہیں، حکومت نے مارکیٹس بند کرنے کا کہا تو بھرپور احتجاج کریں گے، کاروبار کرنے کیلئے وقت کی پابندی ختم کی جائے، ہفتے کو لاک ڈاؤن ختم کیا جائے، تاجروں کو مجبورنہ کیا جائے کہ وہ حکومت کے خلاف کھڑے ہوجائیں۔
تاجر رہنما خالد پرویز کا کہنا تھا کہ حکومت ایک پیج پر نہیں، ان کے بیانات مختلف ہیں، تاجر ملک کی غیر سیاسی سب سے بڑی طاقت ہیں، ان کو دبایا نہیں جا سکتا، شناختی کارڈ کی شرط کو ختم کیا جائے تاکہ معیشت کا پہیہ چلتا رہے۔
تاجربرادری کا کہنا تھا کہ آج کے بعد 7 بجے دکانیں بند نہیں کریں گے، ہفتے کی چھٹی کسی صورت منظور نہیں، حکومت تاجروں کو ریلیف فراہم کرے، پنجاب حکومت نے24 گھنٹوں میں ہفتیکی چھٹی ختم نہ کی تو اگلا لائحہ عمل دیں گے۔
علاو ہ ازیں انجمن تاجران لاہور اور چونگی امر سدھو کی مختلف تاجر تنظیموں نے مین بازار چونگی امرسدھو سے پریس کلب تک ریلی نکالی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر مارکیٹیں ہفتے میں 7 روز 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دے، اگراجازت نہ دی گئی تو تاجر خود ہی مارکیٹیں کھول لیں گے۔
ریلی کی قیادت انجمن تاجران لاہور کے جنرل سیکرٹری طیب رشید میر اور صدر مین بازار چونگی امرسدھو نعیم احمد بٹ نے کی، ریلی میں شریک تاجروں نے حکومت کیخلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔
طیب رشید میر کا کہنا تھا کہ کہ ہفتہ اور اتوار کو دکانیں بند کر کے تاجروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے جبکہ شام 7 بجے تک کے اوقات ہونے سے گاہکوں کا رش بڑھ جاتا ہے جو کورونا کہ پھیلائو کا باعث بن رہا ہے۔
چونگی امر سدھو مارکیٹ کے صدر نعیم بٹ کا کہنا تھاکہ اگر حکومت نے فوری طور پر انہیں ہفتے کے7 روز24 گھنٹے مارکیٹیں کھولنے کی اجازت نہ دی تو تاجر خود دکانیں کھول لیں گے اور پھر حکومت کی رٹ قائم نہیں رہے گی۔
ریلی میں شریک تاجروں کا کہنا تھا کہ جب حکومت کو تاجروں کی ضرورت تھی تو انہوں نے حکومت کا بھرپور ساتھ دیا اب حکومت کو چاہیے کہ وہ تاجروں کا خیال کرتے ہوئے ہفتے میں 7 روز کاروبار کی اجازت دے۔
دریں اثناء انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے قائدین نے بھی عید الاضحی سے قبل 7دن 24گھنٹے مارکیٹس کھولنے اور ہفتہ کی چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔
انجمن تاجران نعیم میر گروپ کے مرکزی قائدین نعیم میر، وقار احمد میاں، شاہد نذیر، میاں خلیل عبیر، فاروق حفیظ اور حافظ رضوان سمیت دیگر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ عید الاضحیٰ سے ایک ہفتہ قبل مارکیٹیں اور بازاراور منڈیاں چوبیس گھنٹے کھولی جائیں، تاکہ عوام باآسانی شاپنگ کیساتھ ساتھ منڈیوں سے قربانی کے جانور خرید سکیں۔
صدرحفیظ سنٹر ملک کلیم نے کہا کہ پنجاب حکومت کاروبار کے خاتمے کی بجائے بقا کیلئے اقدامات کرے، پیر سے جمعہ تک کورونا چھٹی کرتا ہے اور ہفتہ اتوار کو خطرناک ہوجاتا ہے،جو مارکیٹس بند رکھی جارہی ہیں۔