(علی رامے) حکومت کا 2020 سے سرکاری سکولوں میں ذریعہ تعلیم اُردو کرنے کا فیصلہ، پنجاب میں کیے گئے سروے کی بنیاد پر اب پرائمری تک سرکاری سکولوں میں تعلیم اُردو میں دی جائے گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اب سرکاری سکولوں میں انگلش میڈیم کی بجائے اردو میڈیم میں تعلیم دی جائے گی، حکام کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن نے ذریعہ تعلیم اُردو کرنے کا فیصلہ والدین سے کیے گئے سروے کی بنیاد پر کیا ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے پنجاب کے 22 اضلاع میں طلبا، والدین اور اساتذہ سے ذریعہ تعلیم سے متعلق سروے کیا گیا جس میں ہر کیٹگری میں 85 فیصد سے زائد کی رائے اُردو کے حق میں آئی ہے۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کے مطابق اب 2020 سے پرائمری کی سطح تک ذریعہ تعلیم اُردو میں کر دیا جائے گا اور انگلش بطورِ زبان پڑھائی جائے گی۔
دوسری جانب 2011سے برٹش کونسل کے تعاون سے انگلش ٹریننگ پراجیکٹ بھی بے فائدہ ہو جائےگا جس کے تحت پنجاب میں انگلش میڈیم کو ترجیح دی جارہی تھی۔