بیوی پر تشدد کا کیس، محسن عباس حیدر کی عبوری ضمانت منظور

24 Jul, 2019 | 01:56 PM

Sughra Afzal

(شاہین عتیق) ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نے بیوی پر تشدد کے کیس میں معروف اداکار اور ڈی جے محسن عباس حیدر کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ڈیفنس سی پولیس سےمقدمے کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

تھانہ ڈیفنس سی  میں معروف اداکار ،گلوکاراورنجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں ڈی جے بننے والے محسن عباس حیدرکی اہلیہ فاطمہ سہیل نےاس کیخلاف تھانہ ڈیفنس میں درخواست دی تھی جس میں فاطمہ سہیل نے کہا کہ محسن عباس نے کھلے عام نازش جہانگیر نامی خاتون سے ناجائز تعلقات استوار کیے اور سرعام اس کو گھر لے کر آتا رہا۔

محسن عباس حیدر پر سسرال والوں کی جانب سے کاروبار کیلئے دیئے گئے 50 لاکھ روپے خوردبرد کرنے کا الزام ہے، فاطمہ سہیل نے محسن عباس حیدر پر بدترین تشدد کا الزام لگایا  ، انہوں نے سوشل میڈیا  اکاؤنٹس پر شوہر کے تشدد کی تصاویربھی شیئرکی تھیں۔

گزشتہ روز پولیس نے متاثرہ فاطمہ سہیل کی مدعیت میں امانت میں خیانت سمیت دیگر دفعات کے تحت محسن عباس کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، گرفتاری سے بچنے کیلئے محسن عباس  ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد کی عدالت میں آج  پیش ہوئے،اداکار محسن عباس نے ضمانت کی استدعا کی،عدالت نے اداکار محسن عباس کی 5 اگست تک عبوری ضمانت منظور کرلی، ایڈیشنل سیشن جج تجمل شہزاد نےمحسن عباس کوایک لاکھ کا ضمانت نامہ داخل کرانےکا حکم دیا،جبکہ عدالت نے ڈیفنس سی پولیس سے پانچ اگست کو ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔

عدالت کےباہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمحسن عباس کا کہنا تھا کہ تشدد کا جھوٹا الزام لگایا گیا ہے،کوشش کی کہ صلح ہو جائے لیکن ایسا نہیں ہوا،اب فیصلہ بھی عدالت میں ہی ہوگا۔

مزیدخبریں