" آشیانہ کیس وقت کا ضیاع ہے"

24 Jul, 2019 | 12:41 PM

Sughra Afzal

(عمر اسلم) احتساب عدالت نے آشیانہ کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی اور حمزہ شہباز شریف کا آمدن سےزائد اثاثہ جات کیس میں دس روز کا ریمانڈ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق آشیانہ کیس میں  قائد حزب اختلاف میاں شہبازشریف احتساب عدالت میں  پیش ہوئے، عدالت نے شہباز  شریف، فواد حسن فواد اور احد چیمہ سمیت 9 ملزمان کی حاضری مکمل کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 اگست تک ملتوی کردی۔

شہباز شریف  نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آشیانہ کیس وقت کا ضیاع ہے، نیب نے جھوٹ کا پلندہ تیار کیا ہوا ہے، فراڈ بھی ہم نے پکڑا ملزم بھی ہم ہی کو بنا دیا، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا پرہیزی کھانا بند کردیا گیا، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

دوسری جانب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز شریف کو احتساب عدالت پیش کیا گیا، عدالت نے حمزہ شہباز شریف کا10 روزہ ریمانڈ دے دیا،بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کا دورہ امریکہ کتنا کامیاب ہوا یہ تو وقت بتائےگا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ موجودہ حکومت گھبراہٹ کا شکار ہے اور سیاسی انتقامی کارروائیوں کے علاوہ کچھ نہیں کر رہی۔

میاں شہباز شریف اور حمزہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی، پیشی کے موقع پرسکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، ایم اے او کالج سے سول سیکرٹریٹ تک راستوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں