اداکار محسن عباس کیخلاف مقدمہ درج

24 Jul, 2019 | 12:09 AM

Arslan Sheikh
Read more!

( علی ساہی ) اداکار و گلوکار محسن عباس کی جانب سے اہلیہ فاطمہ سہیل پر مبینہ تشدد اور رقم واپس نہ کرنے کا معاملہ، تھانہ ڈیفنس سی پولیس نے متاثرہ فاطمہ سہیل کی مدعیت میں امانت میں خیانت سمیت دیگر دفعات کے تحت محسن عباس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

ایف آئی آر کے مطابق محسن عباس پر بیوی کو تشدد کرنے اور سسرال والوں کی جانب سے کاروبار کیلئے دیئے گئے 50 لاکھ روپے خوردبرد کرنے کا الزام ہے، محسن عباس نے اکتوبر 2018 میں سسر سے ایک کروڑ روپے مانگے تھے لیکن سسر کی جانب سے 50 لاکھ روپے دیے گئے تھے باقی 50 لاکھ نہ دینے پر محسن عباس نے اہلیہ فاطمہ سہیل کو گالم گلوچ اور تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا جس کی تصاویر بھی موجود ہیں۔

ملزم محسن عباس نے کھلے عام نازش جہانگیر نامی خاتون سے ناجائز تعلقات استوار کیے اور سرعام اس کو گھر لے کر آتا رہا، محسن عباس کی حرکت سے دلبرداشتہ ہوکر فاطمہ سہیل نے علیحدگی اور پیسے واپس کرنے کا مطالبہ کردیا جس پر محسن عباس نے پستول تان کر فاطمہ کے بھائی کے سامنے جان سے مارنے کی دھمکی دی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں فریقین کا مؤقف سننے کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمہ میں امانت میں خیانت اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔

مزیدخبریں