ویب ڈیسک: معروف بالی ووڈ اداکار سیف علی خان پر حملے کی تحقیقات میں ممبئی پولیس کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق دوران تفتیش سیف علی خان پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم محمد شریف الاسلام شہزاد نے پولیس کو بتایا کہ اس نے اداکار پر جس چاقو سے حملہ کیا تھا اسے باندرہ جھیل کے قریب پھینک دیا تھا۔
پولیس نے ملزم کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد باندرہ جھیل کے پاس سے وہ چاقو برآمد کر لیا جو اس کیس کی مزید تحقیقات میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ممبئی پولیس نے ملزم کے علاوہ ایک رکشہ ڈرائیور سے بھی تفتیش کی ہے جس کا دعویٰ ہے کہ اس نے باندرہ کے علاقے میں ایک مشتبہ شخص کو دیکھا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کیس کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ممبئی پولیس نے ملزم کی قمیض، اسکارف، چاقو اور بالوں کے نمونے بھی فرانزک ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں۔
یاد رہے کہ سیف علی خان کو ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا، جس کے بعد انہیں سخت سکیورٹی میں گھر پہنچایا گیا۔سیف علی خان کو سخت سکیورٹی میں گھر کے اندر داخل کیا گیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر اور ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے کے بعد سیر علی خان سفید شرٹ اور جینز پہنے خود چل کر اپنے اپارٹمنٹ پہنچے، ان کے بائیں ہاتھ پر پٹی بھی نظر آرہی تھی۔