ملک اشرف : وزیر دفاع خواجہ آصف کی رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی کیخلاف انتخابی عذرداری ,الیکشن ٹرنیونل نے قابل سماعت ہونے پر مزید دلائل طلب کر لیئے ۔
جسٹس سلطان تنویر احمد پر مشتمل الیکشن ٹربیونل نے تحریک انصاف کی رہنما ریحانہ امتیاز ڈار کی انتخابی عذرداری پر سماعت کی ،جس میں خواجہ محمد آصف کی سیالکوٹ این اے 71 سے کامیابی کو چیلنج کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر خواجہ آصف کے وکیل بیرسٹر عظمت حارث نے انتخابی عذرداری کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ اُن کے موکل کے مدمقابل ریحانہ امتیاز ڈار نے انتخابی عذرداری دائر کرتے وقت قانونی تقاضے پورے نہیں کئے۔ انتخابی عذرداری دائر کرتے وقت دیا گیا بیان حلفی بھی قانون کے مطابق نہیں اور دستخط بھی جعلی ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ انتخابی عذرداری کی درخواست ناقابل سماعت ہے۔ اس لئے اسے خارج کیا جائے۔ ریحانہ امتیاز ڈار کی انتخابی عذرداری میں یہ نشاندہی کی گئی کہ فارم 45 کے مطابق ریحانہ ڈار نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے ،لیکن فارم 47 میں خواجہ محمد آصف کو کامیاب قرار دے دیا گیا۔