بارش ہوگی یا نہیں؟ محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

24 Jan, 2025 | 10:01 AM

فاطمہ خان،اقصیٰ شیخ: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہنے کا امکان  ہے

  شہر  لاہور میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ ہلکی دھوپ نے موسم کو خوشگوار بنا دیا  ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 45 فیصد تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر میں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 185 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی کی صورتحال مختلف رہی۔ شاہراہ قائداعظم پر 166,جوہر ٹاؤن میں 168,ڈی ایچ اے میں 202,امریکی قونصلیٹ میں 243,کوٹ لکھپت میں 240  اور غازی روڈ انٹرچینج پر 217 ریکارڈ کی گئی۔

  کراچی میں سردی ایک بار پھر اپنے رنگ جمانے لگی ہے،شہر قائد میں یخ بستہ ہواؤں کے ڈیرے ہیں اورشہر میں گزشتہ رات سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق سردی کی حالیہ لہر جنوری کے اختتام تک جاری رہے گی،ہفتے اوراتوار کو شہر میں کڑاکے کی سردی پڑے گی اورپارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ کیے جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 25 اور 26 جنوری کو شہر میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چلیں گی،موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ہے،شمال مشرقی سمت سے 13 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے،ہوا میں نمی کا تناسب 32 فیصد ہے۔ اے کیو آئی  کے مطابق کراچی کا فضائی معیار بھی بدستور مضر صحت ہےاوردنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی نویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ اے کیو آئی کے مطابق کراچی کے آلودہ ترین علاقوں میں سر فہرست مائے کولاچی، دوسرے نمبر پر کورنگی اور تیسرے نمبر شاہرہ فیصل موجود ہیں۔

دوسری جانب  محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہنے کاامکان ہے، اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرداورخشک رہے گا۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے جبکہ رات کے اوقات میں بہاولنگر، بہاولپور، اوکاڑہ اور ساہیوال میں ہلکی دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

 خیبرپختونخواکے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے،بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرداورخشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنے کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

مزیدخبریں