ویب ڈیسک: ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے قوم کے دل جیت لیے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار قوم کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں۔ وزیراعظم نے قوم کو ملکی معیشت اور کرپٹ ٹولہ کی حقیقت آشکار کردی ہے، کپتان نے قوم کو اچھے دنوں کی نوید دی ہے۔ کپتان کے ملکی ترقی و خوشحالی اور اچھے دنوں کے بیانیے پر ن لیگ کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں جبکہ عمران خان کے اگلی حکومت بنانے کے حوالے سے بیان سے کرپٹ اپوزیشن کے کیمپ میں بھونچال آچکا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 30 سالوں میں قوم کو گدھ کی طرح نوچنے والے بھی پھر اقتدار کے خواب دیکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی نے محض ساڑھے تین سالوں میں ملکی بنیادوں کو مضبوط بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔ یہ مافیا تیس برسوں میں بھی عوام کیلئے کچھ نہ کرسکا جبکہ ملکی معیشت ترقی کے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت ریکارڈ قانون سازی سے عوامی خدمت کے ریکارڈز قائم کر رہی ہے۔ ترقی و خوشحالی ملک و قوم کا مقدر بن رہی ہے، ملکی ترقی دیمک کی طرح چاٹنے والے مافیا کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی، مریم صفدر ن لیگی نااہل ترجمانوں کے رونے دھونے کا وقت شروع ہوگیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے پوری قوم کپتان کیساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کرکھڑی ہے، مریم صفدر بھول چکی ہیں کہ نواز شریف اور وہ جب لاہور پہنچے تھے تو صرف چار لوگ موجود تھے۔ مریم کو اس کے چچا بھی چھوڑ چکے تھے اور چند بندوں کیساتھ مال روڈ پر ٹہل رہے تھے، سچ ہے کہ کرپٹ مافیا ایک دن انجام کو پہنچتا ہے۔ ن لیگی مافیا بھی آہستہ آہستہ اپنے انجام کو پہنچ رہا ہے، مریم بی بی قوم صرف اسکے ساتھ کھڑی ہوتی ہے جو قوم کیساتھ کھڑا ہوتا جس کا جینا مرنا قوم کیساتھ ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقتدار میں صرف ملک و قوم کو لوٹنے اور اقتدار کے بعد بیرون ملک فرار ہوجانے والے کا قوم صرف پیچھا کرتی ہے، کپتان اس ملک کی آن اور شان ہے، کرپٹ تارکین وطن سے موازنہ اس عظیم لیڈر کی توہین ہے۔