لوئر مال (راؤ دلشاد) پاکستان اور ساؤتھ افریقہ میں میچز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس، ایم سی ایل اور ایل ڈی اے کو میچز کے دنوں میں روڈز اور قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد سٹریٹ لائٹس آن کرنے کی ہدایت کردی گئی، قذافی سٹیڈیم کے اطراف 4 فروری کو کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پاکستان اور ساؤتھ افریقہ میں میچز کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقد اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز، پولیس، ریسکیو 1122، ایم سی ایل، لیسکو، پی ٹی سی ایل، پی سی بی اور دیگر محکموں کے افسروں نے شرکت کی، ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ جن ایریاز میں سٹریٹ لائٹس نہیں ہیں، وہاں پر بھی لائٹس کا مناسب بندوبست کیا جائے، گنگارام اور جناح ہسپتال کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے الرٹ رکھا جائے گا۔
ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز موقع پر کھڑی ہوں گی، ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار قذافی سٹیڈیم اور اردگرد کی روڈز پر صفائی ستھرائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں گے، محکمہ سوئی گیس دوران پریکٹس میچ 4 فروری کو قذافی سٹیڈیم کے اردگرد ریسٹورنٹس کو گیس فراہم نہیں کرے گا، کاروبار بند ہوں گے، بم ڈسپوزل سکواڈ سویپنگ کرے گا، ہیلی پیڈ بنایا جائے گا، انسدادِ ڈینگی سپرے بھی کیا جائے گا، کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے ایک کاؤنٹر بھی قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کنٹرول روم پنجاب سپورٹس کمپلیکس میں بنایا جائے گا، ساؤتھ افریقہ کی ٹیم چودہ سال بعد پاکستان آئی ہے، اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے تمام محکموں کو مل کر کام کرنا ہے۔