کھوکھر پیلس پر ایل ڈی اے کا گرینڈ آپریشن

24 Jan, 2021 | 09:33 AM

M .SAJID .KHAN
Read more!

(سٹی 42) کھوکھر پیلس پر ایل ڈی اے کا آپریشن، سرکاری زمین واگزار کرالی، پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن میں حصہ لیا، کھوکھر برادران نے ایل ڈی اے آپریشن کو حکومتی اوچھاہتھکنڈا اور سیاسی انتقام قرار دے دیا۔
 ایل ڈی اے اورضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نےپولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ علی الصبح کھوکھر پیلس سےمتصل غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائی کی، ایل ڈی اے نے کھوکھر پیلس سے متصل تین گھروں کی تعمیرات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسماری کا آپریشن کیا، کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر موجود رہی۔

ایل ڈی اے کی جانب سے سیف الملوک کھوکھر کےبھانجے طاہرجاوید کا گھر مسمار کردیا گیا جبکہ سیف الملوک کھوکھر کے برادر نسبتی کا گھر بھی مسمار کیا گیا۔ آپریشن کے دوران کھوکھر پیلس سےملحقہ مارکیٹ بھی مسمار کردی گئی ہے۔ کھوکھر پیلس سے متصل غیر قانونی تجاوزات کیخلاف آپریشن کے دوران پولیس نے تمام فورس کو بغیر اسلحہ تعینات کیا جبکہ دوران آپریشن کھوکھر برادران کی جانب سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔

رہنما مسلم لیگ ن سیف الملوک کھوکھر نے کہاہے کہ انتظامیہ وزیراعظم عمران خان کو خوش کرنے کیلئے بار بار کھوکھر پیلس پر آپریشن کرنے کی کوشش کررہی ہے، قانونی طریقہ کار اختیار کرکے بھرپور دفاع کریں گے۔

قبل ازیں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما سیف الملوک کھوکھر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ رات گئے کھوکھر پیلس پر آپریشن کی اطلاعات ہیں،واضح کرنا چاہتے ہیں کہ عدالتی کا حکم امتناعی ہے، کارروائی سے گریز کیا جائے، آپریشن کی صورت میں قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بھرپور دفاع کریں گے۔
سیف الملوک کھوکھر نے الزام عائد کیا کہ پی ڈی ایم جلسوں میں متحرک کردار ادا کرنے کی سزا دی جارہی ہے۔انہوں نے چیلنج کیا کہ محکمے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوجائیں، سب کے جواب دوں گا۔ کھوکھر برادران کا کہناتھا کہ ڈکٹیٹر کے دور میں مشکل وقت دیکھا، یہ وقت بھی نکل جائے گا۔


مزیدخبریں