(عمران یونس) سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے دوران ملاقات ضلع چنیوٹ اور تحصیل بھوانہ کے ن لیگی چیئرمینز نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ مال روڈ پر سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے چنیوٹ اور تحصیل بھوانہ کے چیئرمینز نے ملاقات کی، اس موقع پر صوبائی وزیرمیاں خالد محمود بھی موجود تھے، دوران ملاقات چنیوٹ میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین مہرخالد نے کونسلرز سمیت اور تحصیل بھوانہ کے ن لیگی چیئرمین مہر ارشد ، وائس چیئرمین تنویر گجر نے تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کردیا۔ عبدالعلیم خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت پربلدیاتی چیئرمینوں کا خیرمقدم کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی نظام کی مضبوطی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ نئے نظام میں منتخب اراکین کو مالیاتی اور انتظامی اختیارات دیں گے۔ سابق حکومت بلدیات کے اداروں کی خیر خواہ نہیں تھی۔ عمران خان ملک و قوم کی آخری امید ہیں مایوس نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ 14 بلدیاتی ضلعی چیئرمین اورمختلف میونسپل کارپوریشنز کے میئر پہلے ہی پی ٹی آئی کے کھلاڑی بن چکے ہیں۔