ویب ڈیسک : یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا، چینی اور چاول عام مارکیٹ سے مہنگے داموں فروخت ہونے لگے۔
دستاویزات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹے کا تھیلا 2840 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ عام مارکیٹ میں 20 کلو آٹا 2792 روپے میں مل رہا ہے۔سرکاری دستاویزات کے مطابق سیلا چاول عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 53.40 روپے مہنگا ہے، عام مارکیٹ میں سیلا چاول 317 روپے فی کلو دستیاب ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو سیلا چاول 370 روپے کا ہے۔
سفید چنے بھی عام مارکیٹ کی نسبت یوٹیلیٹی اسٹورز پر 13.53 روپے مہنگے فروخت کیے جا رہے ہیں، مارکیٹ میں سفید چنا 391 روپے فی کلو ہے جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر سفید چنا 405 روپے میں دستیاب ہے۔
اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی بھی عام مارکیٹ کی نسبت 9 روپے مہنگی بیچی جا رہی ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی قیمت 155 روپے فی کلو ہے جو مارکیٹ میں 146 روپے کلو کے حساب سے حاصل کی جا سکتی ہے۔