سٹی 42: الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف سندھ اسمبلی کے باہر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج جاری ہے،دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود سندھ اسمبلی کے باہر احتجاج کرنے پر پر پولیس نے قومی عوامی تحریک کے 10 کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے باہر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس، جماعت اسلامی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، پولیس نے کارکنوں کو حراست میں لینا شروع کر دیا جن میں خواتین کارکن بھی شامل ہیں،پولیس کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر مظاہرین پر لاٹھی چارج بھی کیا گیا، اسمبلی کے باہر واٹر کینن اور قیدیوں کی گاڑیاں پہنچا دی گئیں،گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
کراچی ٹول پلازہ پر جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کو سندھ پولیس کی جانب سے روک دیا گیا، ٹریفک پولیس نے جھنڈوں والی بسوں اور گاڑیوں کو آگے جانے سے روک دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، کسی بھی شخص کو ریڈ زون میں داخل ہونے نہیں دیں گے۔
دوسری جانب سندھ اسمبلی کے اطراف سیاسی جماعتوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر مختلف شاہراہیں کنٹینرز رکھ کر بند کر دی گئیں۔