ویب ڈیسک: ایف آئی اے نے اسلام آباد میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان نرسنگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر اسلام آباد کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر رانا شاہد حبیب کی سربراہی میں ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان کے خلاف کارروائی پاکستان نرسنگ کونسل کی شکایت پر کی گئی تھی، ملزمان پاکستان نرسنگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے میں ملوث تھے۔
گرفتار ملزمان میں آصف محمود، عبدالرزاق اور امین خان شامل ہیں، ملزمان نے عام شہریوں سے بھاری رقوم کے عوض جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ڈگریاں، نرسنگ کارڈز جاری کئے، ملزمان نے کھنہ پل اسلام آباد میں دفاتر بنا رکھے تھے، ملزمان نے پنجاب اور کے پی میں 18 سے زائد جعلی کالج رجسٹر کئے ہوئے تھے۔
دوران تلاشی دفتر سے بھاری مقدار میں جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں، نرسنگ سرٹیفیکیٹ، کارڈز، سرٹیفیکیٹ بنانے والے آلات برآمد کر لئے گئے، ملزمان کے قبضے سے کلر پرنٹر مٹل ڈائیں، مونوگرام امبوز مشینیں بھی بر آمد کر لی گئی ہیں، ملزمان کے قبضے سے سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے آن لائن داخلے کے نام سادہ لوح لوگوں سے بھاری فیسیں وصول کر رکھی تھیں، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ٹیم کی بہترین کارکردگی پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر اسلام آباد زون کی جانب سے نقد انعام اور تعریفی سرٹیفیکیٹ کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔