(مانیٹرنگ ڈیسک) چند روز قبل امریکا کی جانب سے مبینہ چینی جاسوسی غبارے کو مار گرائے جانے کے بعد امریکی محکمہ دفاع نے جاسوس طیارے کے کاک پٹ سے لی گئی تصویر جاری کردی۔
یہ تصویر اس وقت لی گئی تھی جب پائلٹ نے چینی غبارے سے اونچی اڑان بھرتے ہوئے غبارے اور طیارے کی سیلفی لی، اس غبارے کو امریکی فوج نے رواں ماہ کے شروع میں نے مار گرایا تھا، پائلٹ کی طرف سے لی گئی پروفائل تصویر میں غبارے پر طیارے کا سایہ اور غبارے کے پے لوڈ کی واضح تصویر دکھائی دیتی ہے، یہ تصویر اس وقت لی گئی جب غبارہ امریکی فضائی حدود سے گزر رہا تھا۔
واضح رہے کہ28 جنوری کو امریکا میں غبارے کو دیکھا گیا تھا اور اسے امریکی فوج نے جنوبی کیرولینا کے ساحل پر مار گرایا تھا۔ حکام کے مطابق غبارہ انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کی کارروائیاں کرنے کے قابل تھا۔