(مانیٹرنگ ڈیسک) نور مقدم قتل کیس میں مقتولہ کے والد نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو ملنے والی سزا کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج عدالت اور انصاف کی فتح ہوئی ہے۔
عدالتی فیصلے کے بعد نور مقدم کے والد سابق سفارتکار شوکت مقدم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج ہمیں کیس میں انصاف ملا ہے، ملزمان کی جانب سے راضی نامے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی اور اگر کوئی کوشش کرے گا تو اسے قبول نہیں کریں گے۔
شوکت مقدم کا کہنا تھا کہ کیس میں سوسائٹی اور میڈیا نے بہت ساتھ دیا،ساری قوم ہمارے لیے دعاگو تھی اور قوم نے ہمارا ساتھ دیا، اس کاز پر ہمیں کسی کو کچھ بولنے کی ضرورت نہیں پڑی، سب نے ہمارے لیے بہت کچھ کیا، ہمارے اہلخانہ میڈیا کےشکر گزار ہیں۔
واضح رہےکہ نور مقدم قتل کیس میں نامزد ملزم ظاہر جعفر پر الزام تھا کہ اس نے 20 جولائی 2021 کو اپنے گھر میں نور مقدم کو قتل کیا، پولیس نے ظاہر جعفر کو خون آلود قمیض میں سیکٹر ایف سیون اسلام آباد کے گھر سے گرفتار کیا اور آلہ قتل بھی برآمد کیا تھا۔نو رمقدم قتل کیس کا ٹرائل 4 ماہ 8 دن جاری رہا جس کے دوران گواہوں کے بیانات قلمبند ہوئے، شہادتیں ریکارڈ ہوئیں اور جرح کے بعد وکلاء نے حتمی دلائل دیے جس کے بعد عدالت نے 22 فروری کو فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنایا گیا۔