عبدالستار ایدھی انڈر پاس ادھورے منصوبے کا خمیازہ شہری بھگتنے لگے

24 Feb, 2022 | 12:39 PM

Sughra Afzal

(درنایاب) ایل ڈی اے ایوان وزیراعلیٰ کی آنکھوں میں دھول جھونکنے لگے ، عبدالستار ایدھی انڈر پاس ادھورے منصوبے کا خمیازہ شہری بھگتنے لگے، افتتاح کے بعد پندرہ روز میں الائیڈ ورکس مکمل کرنے کا وعدہ دو ماہ بعد بھی ایفا نہ ہوسکا، گلاب دیوی ہسپتال جانے والے تمام راستے تاحال آمدورفت کیلئے شدید متاثر ہیں۔

گلاب دیوی ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال جانیوالے مریض اور لواحقین دربدر ہوگئے ہیں، کلمہ چوک سے گلاب دیوی اور چلڈرن ہسپتال جانیوالوں کیلئے پتھر ڈال کر سروس لین بند کردی گئی ہے، جس سے ٹریفک کی آمدورفت بند ہے۔ انڈر پاس کی چھت پر اسٹیٹ آف دی آرٹ انٹرسیکشن بنانے کا دعوی بھی پورا نہ ہوا۔ 

ارفع سنٹر سے آنیوالی ٹریفک کو گلاب دیوی پر یوٹرن کی سہولت سے محروم کردیا گیا، شہری جان جوکھوں میں ڈال کرمیٹرو ٹریک پیدل کراس کرنے لگے ہیں۔ ستائیس دسمبر 2021 کو وزیراعلیٰ نے انڈر پاس کا افتتاح کیا تھا۔ 

ذرائع کے مطابق افتتاح کے بعد ایل ڈی اے کے اعلی حکام نے منصوبے کا رخ کرنا چھوڑ دیا اور پوچھ گچھ نہ ہونے پر کنٹریکٹر نے بھی 15 دن کا کام دو ماہ کے باوجود مکمل نہ کیا۔ انجینئرنگ ونگ ذرائع کے مطابق موجودہ سست رفتار سے منصوبے کا دوسرا فیز لاہور برج کی توسیع بھی آئندہ ماہ ممکن نہیں۔ انجینئرنگ حکام کے مطابق تعمیراتی کام جاری ہے وقت پر مکمل کرانے کیلئے کوشاں ہیں۔

مزیدخبریں