رائل پارک (سٹی42) عالمی شہرت یافتہ تاریخی تْرک سیریز ' ارطغرل غازی' میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تْرک اداکار انگین آلتان دوزیتان بھی دنیا میں تیزی سے رونما ہونیوالی موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہی مہم کا حصّہ بن گئے۔
دنیا بھر میں مختلف ممالک میں موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مہمات چلائی جارہی ہیں اور کئی نامور شخصیات ان مہمات کا حصّہ بن رہی ہیں، ترک اداکار انگین آلتان دوزیتان بھی اب ان نامور شخصیات کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
انہوں نے موسمیاتی تبدیلی جوکہ ایک عالمی مسئلہ ہے، اس کے بارے میں اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک آگاہی ویڈیو شیئر کی ہے,اس ویڈیو میں دنیا بھر سے مختلف مقامات کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں جہاں پر موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آنیوالے زلزلوں، سمندری طوفانوں، طوفانی بارشوں، برفانی طوفانوں، جنگلات میں آتشزدگی اور قحط سالی نے بڑی تباہی مچائی ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ'جب ہم مل کر کسی چیز کے لیے کام کرتے ہیں تو ہمارے چھوٹے سے چھوٹے اقدام سے بھی بڑی تبدیلی ممکن ہوسکتی ہے. اْنہوں نے لکھا کہ'یہ دنیا ہمارا واحد گھر ہے اور اسے رہنے کے قابل بنانا ہی ہمارے لیے اس مسئلے کا واحد حل ہے۔