سعدیہ خان: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ملک میں غیر جمہوری اقدام ہوا تو ذمہ دار بھی غیر جمہوری قوتیں ہوں گی۔ پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم کسی غیر جمہوری اقدام کی حمایت نہیں کرے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کی رہائش گاہ پر پارٹی کے اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی سے ملاقات کی اور سینیٹ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں لیکن صرف جمہوری طریقہ کار سے۔ ہم نااہل حکومت کو گھر بھیج کر عوامی حکومت لائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں غیر جمہوری اقدام ہوا تو ذمہ دار بھی غیر جمہوری قوتیں ہوں گی۔ اسلام آباد نشست جیتے کے لئے ان کی تعداد کم ضرور ہے لیکن وہ حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے بتایا کہ پی ڈی ایم میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی بات سینیٹ انتخابات کے بعد ہوگی۔ مارچ کے آخر میں مارچ بھی ہوگا۔ اوپن بیلٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کبھی الیکشن کمیشن پر اور کبھی سپریم کورٹ کے کندھے پر بندوق رکھتی ہے۔