(قیصر کھوکھر) غیر اخلاقی حرکات، بے ہودہ الفاظ کا استعمال نہیں چلے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ سٹیج فنکاروں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔
سٹیج ڈرامہ انڈسٹری شہریوں کی تفریح کا ذریعہ تھا، ایک زمانہ تھا کہ پاکستان میں بامقصد سٹیج ڈرامے پیش کیے جاتے تھے، ان ڈراموں کو دیکھنے کیلئے لوگ فیملی کے ساتھ آتے تھے، مگر اب بدقسمتی سے جگت بازی، ذومعنی جملے، بے ہودہ ڈانس نے اسے مثبت اور تخلیقی سرگرمی نہیں رہنے دیا، سٹیج ڈرامے ہماری نوجوان نسل میں فحاشی کو فروغ دینے میں پیش پیش ہیں، ان کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل بربادی اور تباہی کی جانب بڑھ رہی ہے۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے اکثر سٹیج اداکاروں کے خلاف غیر اخلاقی حرکات اور بُرے الفاظ استعمال کرنے پر کارروائی کی جاتی ہے، اب پھر محکمہ داخلہ پنجاب نے پانچ سٹیج فنکاروں کو بے ہودہ الفاظ استعمال کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کردیئے، ان فنکاروں میں سلیم بلا، ایمن ملک، نگینہ بھٹی، نرالا چن اور علی گلریز شامل ہیں، محکمہ داخلہ نے ان سٹیج اداکاروں پر سٹیج پر پابندی عائد کرنے کا شو کاز نوٹس جاری کیا۔
واضح رہےکہ 10 فروری کو محکمہ داخلہ پنجاب نےبے ہودہ ڈانس اور گندے ڈائیلاگ بولنے پر تین سٹیج فنکاروں پر پابندی لگائی ہے،جن میں فضل عباس ، شازیہ بلوچ اور مس رینا ایرانی شامل ہیں۔