موٹروے زیادتی کیس، عدالت نے بڑا حکم دیدیا

24 Feb, 2021 | 01:11 PM

Sughra Afzal

(مظہر عباس) موٹروے زیادتی کیس کی کیمپ جیل میں سماعت، انسداد دہشت گردی عدالت نے آئندہ سماعت سے روزانہ کی بنیاد پر کیس سننے کا حکم دیدیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیمپ جیل میں موٹروے زیادتی کیس کی سماعت کی، ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو جیل میں قائم خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزموں کی طرف سے شیر گل قریشی ایڈووکیٹ پیش ہوئے، پراسیکیوشن کی 3 رکنی ٹیم بھی عدالت میں پیش ہوئی،عدالت نے فرد جرم کی کارروائی کیلئے ملزم عابد ملہی اور شفقت علی کو چالان کی کاپیاں فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت 3 مارچ تک ملتوی کر دی۔ 

عدالت نے قرار دیا کہ فرد جرم عائد کرنے کے بعد کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی جائے، گجر پورہ پولیس نے سیالکوٹ موٹروے پر خاتون کو دوران ڈکیتی زیادتی کا نشانہ بنانے کے الزامات کے تحت چالان پیش کر رکھا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال 9 ستمبر کو لاہور کے علاقے گجر پورہ میں موٹر وے پر خاتون کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا تھا،2 افراد نے موٹر وے پر کھڑی گاڑی کا شیشہ توڑ کر خاتون اور اس کے بچوں کو نکالا، موٹر وے کے گرد لگی جالی کاٹ کر سب کو قریبی جھاڑیوں میں لے گئے اور پھر خاتون کو بچوں کے سامنے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

مزیدخبریں