(علی عباس)حکومت نے پراپرٹی ٹیکس نہ دینے والوں کے خلاف قانون میں نئی ترامیم کردیں،سیکشن 16 کے تحت نادہندگان کی پراپرٹیز اب پھر سیل ہو جائیں گی اور عدالتی حکم نامے کی پناہ لینے والے پراپرٹی نادہندگان اب نہیں بچ پائیں گے اورپراپرٹی ٹیکس ہر صورت دینا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کابینہ برائے قانون کے غیر منقولہ ایکٹ کے سیکشن 16 میں ترامیم کیے گئے فیصلے کی توثیق کردی ہے، اب محکمہ ایکسائز کو غیر منقولہ ایکٹ کے سیکشن 16 میں پراپرٹی سیل کرنے کا مکمل اختیار ہوگا۔
اس سے قبل 2018 میں عدالتی احکامات پر محکمہ ایکسائز کو پراپرٹی سیل کرنے سے روک دیا گیا تھا۔ قانونی ڈھانچہ نہ ہونے پر پنجاب حکومت کو شہریوں کی پراپرٹیز سیل کرنے سے روکا گیا تھا، اب پنجاب حکومت نے غیر منقولہ پراپرٹی ایکٹ میں ترامیم کرکے نیا قانونی ڈھانچہ تیار کرلیا ہے اور محکمہ ایکسائز کو مکمل اختیارات دے دئیے ہیں،، ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر کمرشل اور انڈسٹریل پراپرٹی کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں ہوں گی۔
دوسری جانب چند روز قبل محکمہ ایکسائز نے پراپرٹی ٹیکس کی عدم ادائیگی کیخلاف آپریشن تیز کر تے ہوئے، مزید 11نادہندگان کو گرفتار کر لیا تھا۔ 11سے زائد نادہندگان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے تھے۔ ٹیکس آفیسر کے مطابق ان نادہندگان سے 10لاکھ روپے سے زائد ٹیکس وصولی ہوئی جسے قومی خزانے میں جمع کرا دیا گیاتھا۔ نادہندگان کیخلاف کارروائی تمام زونز میں کی گئی تھی۔