(کومل اسلم)شہر کا موسم بدلنے لگا، صبح کے وقت موسم خوشگوار، سورج نکلنے پر سردی کا زور ٹوٹ گیا، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں دھند چھائے رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر لاہور کا موسم بدلتے لگا ہے سردی میں کمی جبکہ گرمی کی آمد آمد ہے، آج سورج نکلنے کے بعد موسم گرم ہوگیا ہے، محکمہ موسمیات نے کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے، جبکہ دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری رہے گی، گرد آلود فضا کے باعث لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 195 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں آج جڑواں شہروں راولپنڈی اوراسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، تاہم رات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔سیالکوٹ، نارووال لاہور، گوجرنوالہ اور گجرات میں صبح کے اوقات میں دھند چھائے رہنے کا امکان ہے، اسی طرح ملک کے دوسرے صوبوں خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دیر، چترال، کوہستان مالاکنڈ، مردان، بونیر، پشاور، کرم، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں بھی آج موسم خشک رہے گا جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں یہی صورت حال ہوگی،کشمیر اور گلگت بلتستان میں آج مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔
گزشتہ روزلاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس 250 سے کم ہوکر 170 تک پہنچ گیا تھا، لاہور بدستور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھا، محکمہ ماحولیات کے مطابق آب و ہوا آلودہ ہونے سے سانس اور دیگر بیماریاں پیدا ہونے کا خدشہ ہے. ایئرکوالٹی انڈیکس بڑھنے سے شہر کی فضا آلودہ ہے۔