(سٹی42) لاہور میں سکیورٹی کے رکھوالے ہی جان کے دشمن بن گئے ، معمولی سے بات پر فائرنگ کردی، رنگ روڑ پر گزرنے والی گاڑی سے ٹول ٹیکس کامطالبہ کیا جس پر گاڑی میں سوار اہلکاروں نے گولیاں چلادیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں لرزہ خیزواقعات معمول بن چکے ہیں ایک ایسا ہی ناخوشگوارواقعہ قانون کے رکھوالوں نے سرانجام دیا، لاہور کی مشہور شاہراہ رنگ روڈ پرقائداعظم انٹرچینج پر ٹول ٹیکس مانگنے پر ایس پی یو کے اہلکاروں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے دوران پلازہ پر موجود لوگوں نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں جبکہ ڈیوٹی پر مامور افراد نے خوف زدہ ہوکر چھپ گئے۔
واقعہ کی اطلاع ملنے پر پولیس کا کہناتھا کہ سپیشل پروٹیکشن یونٹ (ایس پی یو) کے اہلکار پاکستان میں آئے ہوئے چینی وفد کے ساتھ جارہے تھے کہ ٹول پلازہ پر جیسے ہی گاڑی آئی توملازمین نے بیرئیر گرا دیا جس پراہلکاروں کی بحث وتکرار ہوئی اور بعدازاں فائرنگ کی گئی، واقعہ میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
موقع پر موجود لوگوں کا کہناتھا کہ ٹول پلازہ پر گاڑی میں سوار اہلکارسادہ کپڑوں میں تھےاور گاڑی بھی سرکاری نہیں تھی،معمولی تلخ کلامی کے بعد گاڑی گزر گئی مگر تھوڑی دور جانے کے بعد واپس آئی اور فائرنگ شروع کردی۔دوسری جانب واقعہ کی خبر ہوتے ہی ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ کس کا قصور ہے اس حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہیں، فائرنگ کے دوران کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، ٹول پلازہ انتظامیہ کی طرف سے درخواست ملنے پر کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ لرزہ خیزوارداتوں کا ہونا معمول بن چکا ہے، پولیس عوامی تحفظ کے لئے موثر اقدامات کرتو رہی مگر ان میں چھپی کالی بھیڑیں ملزموں کی پست پناہی میں لگی ہیں جس کی وجہ سے معاشرے میں زیادتی، چوری، ڈکیتی، رہزانی اور جنسی ہراساں جیسے جرائم میں کمی کی بجائے مزید اضافہ ہورہا ہے۔