انتظامیہ تجاوزات ختم کرنے میں ناکام

24 Feb, 2020 | 10:43 PM

Arslan Sheikh

( حسن خالد ) چاہ میراں مین بازار میں تجاوزات مافیا سرگرم، فٹ پاتھوں اور سڑک پر قائم عارضی اڈوں اور غیرقانونی پارکنگ نے نہ صرف ٹریفک کو جام کرنا شروع کر دیا بلکہ پیدل چلنا بھی دوبھر ہو گیا۔

شمالی لاہور کے علاقہ چاہ میراں مین بازار مسائلستان کا گڑھ بن گیا، بازار میں جگہ جگہ تجاوزات نےعلاقہ مکینوں اور خریداروں کو ذہنی مریض بنا دیا۔ مافیا نے فٹ پاتھوں کے ساتھ ساتھ سڑک پر بھی کئی فٹ تک قبضہ جما لیا جبکہ رہی سہی کسرغیر قانونی پارکنگ نے پوری کردی ہے۔

 تجاوزات کے باعث چاہ میراں مین بازار میں ٹریفک کا جام رہنا بھی معمول بن چکا ہے۔ علاقہ مکینوں سمیت بازار میں شاپنگ کے لیے آئے خریداروں کا کہنا ہے کہ تجاوزات سے پیدل چلنا بھی محال ہوگیا ہے، اگر کوئی حادثہ ہوجائے تو اس علاقے میں ایمبولینس کا پہنچنا بھی کسی محاذ سے کم نہیں۔

اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ متعلقہ ٹاؤن انتظامیہ مبینہ طور پر پیسے بٹورتی ہے اس لیے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی۔۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزیدخبریں