(وسیم احمد) لاہور قلندر عوام کے ساتھ گورنر پنجاب چودھری سرور کی امیدوں پر بھی پورا نہ اترسکی، گورنر پنجاب کا کہنا تھا میرا دل کہتا چاہتا تھا کہ لاہور قلندر جیتے لیکن لاہور قلندر نے ایک بار پھر مایوس کر دیا۔
گورنر پنجاب نے لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے میچ کے دوران قذافی سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم میں اتنی بڑی تعداد دیکھ کر خوشی ہورہی ہے۔ میرا دل کہتا تھا کہ آج لاہور قلندرز جیتے گی۔ کبڈی کا فائنل ہو یا پی ایس ایل کے میچز لاہوری شاندار استقبال کرتے ہیں.
چودھری سرور نے کہا کہ بنگلہ دیش، سری لنکا، ایم سی سی اور پی ایس ایل کے میچزز سے لاہور کی رونقیں بحال ہوگئی ہیں، گورنر پنجاب نے لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین میچ کے حوالے سے کہا کہ میرا دل کہتا تھا کہ آج لاہور جیتے گی لیکن لاہور قلندر نے مایوس کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل فائیو کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔ 163 رنز پر نو وکٹیں گرنے کے بعد پہلا میچ کھیلنے والے احمد صفی عبداللہ اور نوجوان محمد موسی نے آخری وکٹ پر 20 رنز بناکرلاہورقلندرز کی یقینی فتح کو شکست میں بدل دیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے لاہور قلندرز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، حمد حفیظ 98 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے ، فخر زمان نے 33 ، ڈیوڈ ویزے نے 19 اور کرس لین 11 رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے فہیم اشرف اور شاداب خان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، موسی خان اور احمد صفی نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
جواب میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 183 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایک گیند قبل نو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ، کپتان شاداب خان 52، انگرام 30، ڈیوڈ میلان 22 اور آصف علی 18 رنز بناکر نمایاں رہے ، لاہورقلندرز کے شاہین شاہ آفریدی نے چاراور حارث رئوف نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاداب خان کو مین آف دی میچ قراردیا گیا۔
لیگ میں دو روز وقفے کے بعد 26 فروری سے راولپنڈی اور ملتان میں میچز کا سلسلہ شروع ہو گا۔