( شاہد ندیم ) سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی ٹیموں کا مختلف علاقوں میں گیس چوری کیخلاف آپریشن، گارمنٹس فیکٹری سمیت 33 گھروں میں گیس چوری پکڑ لی، کنکشن منقطع کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی ٹیموں نے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے گارمنٹس فیکٹری سمیت 33 گھروں میں گیس چوری پکڑ لی، سوئی گیس ٹیم نے داروغہ والا کے علاقے میں گارمنٹس فیکٹری میں گیس چوری پر کنکشن منقطع کر دیا جبکہ میٹر لیبارٹری بھجوا دیا گیا، اسی طرح کاہنہ کے علاقہ فیصل پارک میں بھی گیس چوری کے خلاف کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں فیصل پارک میں 15 گھروں کا نیٹ ورک پکڑا گیا۔
سوئی ناردرن حکام کے مطابق سبزہ زار میں کارروائی کے دوران 18 گھروں میں گیس چوری پکڑی گئی، گیس چوروں کے جعلی نیٹ ورک اکھاڑ کر پائپ قبضے میں لے لئے گئے۔ آپریشن جنرل منیجر لاہور قیصر مسعود کی ہدایت پر چیف انجینئر راشد عنایت کی نگرانی میں کیا گیا، جی ایم لاہور کے مطابق گیس چوروں کے خلاف مقدمات درج کرکے ڈی ٹیکشن بل چارج کیا جائے گا۔