سٹی42: 2024 جیسا بھی تھا، وہ تو اب گیا چلا لیکن نام نہاد مستقبل کی پش گوئیاں کرنے والوں کے لئے جاتے جاتے یہ موقع فراہم کر گیا کہ وہ نئے سال 2025 کے بارے میں جتنی خوف پھیلانے والی باتیں تصور کر سکتے ہیں وہ کر کے پھیلائیں تاکہ زیادہ ویوز اور ہِٹس انعام میں پائیں۔ خوف پھیلانے کے لئے ناسترا دیمس سے لے کر باباونگا تک کئی لوگوں کی اب تک کبھی سمجھی نہ جا سکنے والی "پیش گوئیاں" ہمیشہ کی طرح اس سال کے آخری ہفتے میں بھی خوف فروشوں کا محبوب سٹف ہیں۔
بلغاریہ کی بابا وانگا کی پراسرار پیشگوئیوں کی طرف اشارے کر کے بعض لوگ یہ باور کروانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سال 2025 میں عالمی جنگ ہو گی۔ ایسی پیش گوئیاں فروخت کرنے والے سال 2024 کے آخری چند مہینوں اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے دوران اسرائیل کی ایران، لبنان اور اس کے بعد شام کے ساتھ جنگوں کو "عالمی جنگ" ماننے سے کتراتے ہیں لیکن کسی ظاہری وجہ کے بغیر ہی چین جیسی پھونک پھونک کر قدم رکھنے والی دور اندیش ریاست کو اچانک ہی امریکہ کے ساتھ جنگ مین گھسیڑنے کی پیش گوئی دلیری کے ساتھ کر گزرتے ہیں۔
بابا وانگا، جو 1996 میں ابدی نیند سو گئی تھیں، وہ بصارت سے محروم تھیں لیکن ان کے ساتھ منسوب باتوں کو بعض لوگ بصیرت کا ایسا سنکرونائیزڈ مجموعہ سمجھتے ہین جسے وہ خود سمجھ نہین سکتے تاہم انہین یہ یقن ہے کہ جو باتیں ان کو سمجھ نہین آ پا رہیں وہ یقیناً مستقبل کی جنگوں کی پیش گوئیاں ہی ہوں گی۔
نئے سال کے متعلق ہمارے تجسس اور گوسِپ کے لئے کسی بھی موضوع کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے "ماہرین" نے جو پیش گوئیاں فیبریکیٹ کی ہیں ان میں سے باباونگا کے حصے میں تیسری عالمی جنگ کی خوفناک پیشگوئی آتی ہے۔ مستقبل بیں مجذوب خواہ کچھ بھی کہیں لیکن خرد کے پیروکار سائنسی تجزیہ کار متفق ہیں کہ اب ہونے والی عالمی جنگ میں کوئی بھی نہیں بچے گا۔ اس پہلو کو نظر انداز کرتے ہوئے باباونگا کے ساتھ تیسری عالمی جنگ کی پیش گوئی کو منسوب کرنے والے دوسرے ہی پیراگراف میں باباونگا کی انسانی سماج کی ترقی کے متعلق عظیم پیش گوئیوں کا پینڈورا باکس بھی کھولے بیٹھے ہوتے ہیں۔
ایسی ہی ایک مجہول تحریر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ: بابا وانگا کی 2025 کے لیے پیشگوئیاں خوفناک وارننگز اور امید افزا ترقیات کا مجموعہ ہیں۔
تیسری عالمی جنگ کا خطرہ
بابا وانگا نے تیسری عالمی جنگ کی پیشگوئی کی ہے جس کا آغاز چین اور امریکہ جیسے بڑے ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے ہو سکتا ہے،ان کے مطابق یورپ بھی ایک بڑے تنازعے کا شکار ہو سکتا ہے جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ان جنگوں کے سنگین نتائج عالمی آبادی میں نمایاں کمی کا سبب بن سکتے ہیں اور وہ "دنیا کے خاتمے" کی طرف بڑھنے والے واقعات کی شروعات ہو سکتی ہیں۔
کھیلوں کے ایونٹ کے دوران خلائی مخلوق سے ملاقات
2025 کے لیے ایک دلچسپ پیشگوئی یہ ہے کہ انسانوں کو پہلی بار خلائی مخلوق سے ملاقات کا موقع ملے گا، بابا وانگا نے کہا یا نہین کہا لیکن باباونگا کے نام سے پیچ گوئیاں بیچنے والے کہہ رہے ہیں کہ "یہ تاریخی واقعہ کسی بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے دوران ہوگا " جس سے شک پیدا ہوتا ہے کہ یہ واقعہ
لاہور میں چیمپئینز ٹرافی کے سیمی فائنل میچ یا فائنل میچ کے دوران بھی ہو سکتا ہے، خاص طور پر اس وقت جب اچانک کسی وجہ سے گلڈ لائٹس کے ٹاور کام کرنا بند کر دیں تو خلائی مخلوق کسی کو بھی نظر آ سکتی ہے۔ مغربی مفکرین کو شبہ ہے کہ خلائی مخلوق ویمبلڈن کے کسی طویل اعصاب شکن میچ کے دوران کسی خاتون کھلاڑی کے تولئے میں چھپی نظر آئے گی۔
طبی انقلاب
مداری گر رائٹرز کو یقین ہے کہ بابا وانگا نے صحت کے شعبے میں نمایاں ترقی کی پیشگوئی بھی کی ہے، اور چونکہ 2025 مستقبل ہی ہے اس لئے لازم ہے کہ اس سال باباونگا کی پیش گوئی کے مطابق سائنسدان لیبارٹری میں انسانی اعضا تیار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے جو ٹرانسپلانٹس میں انقلاب برپا کر دیں گے،مزید یہ کہ باباونگا نے نے کینسر کے علاج میں بڑی پیشرفت کی بھی نشاندہی کی، کچھ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کینسر کے علاج کا اشارہ دیا ہو سکتا ہے۔
2024 کی پیشگوئیوں کا جائزہ
پچھلے سال انہی دنوں کے دوران پیش گوئیاں بیچنے والے "محققین" نے بابا وانگا کا نام لے کر 2024 کی جو پیشگوئیاں فلوٹ کی تھیں ان میں سے اکثر پوری نہین ہوئیں۔ اب ان کا خیال ہے کہ یہ پیش گوئیاں اس سال تو ضرور ہی پوری ہو کر رہیں گی۔
پیوٹن پر قاتلانہ حملہ؛ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی
پیوٹن پر قاتلانہ حملہ: باباونگا نے کہا ہو یا نہ ہو لیکن باباونگا کا نام لے کر بہت سوں نے دلیری سے کہا کہ 2024 مین روس کے صدر پیوٹن پر قاتلانہ حملہ ہو گا، یہ حملہ نہیں ہوا، نہیں ہوا تو کیا ہوا، امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تو قاتلانہ حملہ ہو گیا ناں، اب مستقبل بینی میں غلطی کا اتنا تو احتمال رہتا ہی ہے ناں۔
باباونگا نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن پر اندرونی حملے کی پیشگوئی کی تھی لیکن ایسے کسی واقعے کی 2024 میں اطلاع نہیں آئی تو ممکن ہے کہ ہم سے کمپیونٹنگ کی غلطی ہوئی ہو اور باباونگا نے دراصل 2025 میں صدر پیوٹن پر قاتلانہ حملے کی بات بتائی ہو۔ یہ بھی ممکن ہے کہ باباونگا نے دراصل پیوٹن کے دوست بشار الاسد کا طیارہ گرنے کے اس واقعہ کی پیش گوئی کی ہو جسے مغربی میڈیا آؤٹ لیٹس نے 8 دسمبر کو ہی سلیبریٹ کر لیا تھا لیکن وہ نہیں ہوا، کسی واقعہ کا ہو جانا اور کسی کے علم میں نہ آنا دراصل اس واقعہ کے نہ ہونے کے ہی برابر ہوتا ہے اور کسی واقعہ کے نہ ہو پانے پر بھی، اس کے ہو جانے جیسی خوشی (یا سوگ) منا یا جانا دراصل اس کے ہو چکنے جیسا ہوتا ہے۔
حیاتیاتی اور دہشت گرد حملے
بابا ونگا کی پیشگوئیاں شائع کر کے ریڈرز کی توجہ حاصل کرنے والے یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ باباونگانے ایک بڑے ملک کے بایولوجیکل ہتھیاروں کی آزمائش اور یورپ میں دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافے کی پیشگوئی کی تھی تاہم 2024 میں ایسے واقعات کی کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔ ہو نہ ہو باباونگا نے بایولوجیکل ہتھیاروں کے متعلق جو پیش گوئی کی تھی وہ 2025 کے بارے میں ہو گی۔ رہی یورپ میں دہشتگردی تو وہ تو سال کے دوران کئی بار ہوئی لیکن اگر آپ دہشت زدہ نہیں ہوئے تو یہ آپ کی ڈھٹائی ہے، اس میں باباونگا کا کوئی قصور نہیں، تاہم جن کی گزشتہ دہشتگردیوں سے تشفی نہیں ہوئی ان کو تسلی دینے کے لئے اس پیش گوئی کو بھی 2025 میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔
معاشی بحران
باباونگا نے بڑھتے ہوئے قرضوں اور جغرافیائی اورسیاسی کشیدگی کے باعث ایک شدید معاشی بحران کی پیشگوئی کی تھی، پیش گوئیاں بیچنے والوں نے اسے سال 2024 کے متعلق تصور کیا تھا، مالی بے یقینی کے باوجود، عالمی سطح پر مکمل بحران نہیں آیا تو یقیناً یہ پیش گوئی بھی سال 2025 مین آنے والی معاشی بربادی کی نشان دہی کرتی ہے۔
شدید موسمی حالات
بابا وانگا کی شدید موسمی حالات کی پیشگوئی درست ثابت ہوئی، جہاں دنیا کے مختلف حصے ریکارڈ توڑ گرمی، بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا سامنا کرتے رہے۔
دیکھا، ہم نہ کہتے تھے کہ باباونگا متقبل کے متعلق سب کچھ سچ بتا کر گئی ہے۔