عجیب موسمیاتی واقعات کے سال2024 کے تین مسحور کن ترین واقعات

24 Dec, 2024 | 09:33 PM

Waseem Azmet

وسیم عظمت:  سال 2024  جا رہا ہے۔ باقی سات دنوں میں کیا ہو گا یہ ہمیں معلوم نہیں  لیکن گزشتہ 358 دنوں میں جو تین محئیر العقول موسمیاتی واقعات ہوئے ان کے متعلق ہمیں خوب معلوم ہے۔  ویڈیوز کی شکل میں محفوظ ہو جانے والے یہ تینوں واقعات  ہمیں قدرت کی حیرت انگیز طاقت کی یاد دلاتے ہیں۔

ہموار کھیل کے میدان میں اچانک بن جانے والے گڑھے sinkholes سے لے کر اولوں بھرے گارے کے سیلاب، اور  ایک نادر بادل کے افق پر نمودار ہونے  تک، موسم کی ویب سائٹ ایکو ویدر AccuWeather کے جیوف کورنش  Geoff Cornish اور  بری گائے Bree Guy نے سال کی سب سے عجیب و غریب موسمی ویڈیوز کا  انتخاب کیا تو ان میں سے سب سے اوپر ایک خوبصورت رین بو بادل کو قرار دیا جو  مشرقی ایشا کے ملک ویت نام کے دارالحکومت ہوچی منہہ کے آسمان پر نمودار ہوا تھا۔

حقیقت جس کا ادراک اب تک کم لوگوں کو ہے، یہ ہے  کہ 2024  کا سال اس کے غیر معمولی اور واقعتاً اب تک کی تاریخ میں بہت ہی غیر معمولی موسمی واقعات کے لیے یاد رکھا جائے گا جنہوں نے عوام کو کبھی پریشان کیا تو کبھی مسحور بھی کئے رکھا۔ 

آیئے ایک بڑے سینک ہول سے لے کر کسی شہر کے اوپر آسمان پر نمودار ہونے والی ایک نایاب آسمانی تصویر تک، سال کے سب سے حیران کن موسمی مظاہر پر ایک نظر ڈالیں۔

سنک ھول کا نمودار ہونا
سڑک پر گاڑی چلاتے ہوئے اور اچانک کسی دوسرے سیارے سے آنے والے شہابِ ثاقب  کے زمین پر ٹکرانے سے بن جانے والے  گڑھے کا سامنا کرنے کا تصور کریں۔ سال 2024 کے دوران بالکل ایسا ہی ہوا  لیکن یہ بہت بڑا گڑھا کسی شہاب ثاقب کے زمین سے ٹکرائے بغیر ہی بن گیا۔ ایلی نوئیس کے ایک فٹ بال گراؤنڈ میں جب کوئی میچ نہیں ہو رہا تھا، تو بارش کے بعد اچانک زمین بیٹھنے لگی اور   ایک سو فٹ  چوڑا اور اس سے کچھ زیادہ گہرا سِنک ہول  گراؤنغ کے بیچ مین کھل گیا۔ اس منظر کی ویڈیو انسٹاگرام پر اب بھی موجود ہے۔

اس سنک ھول کی جسامت اور اچانک نمودار ہونے والی  ظاہری شکل کسی کو بھی حیرت زدہ کر دینے کے لیے کافی تھی۔ آئیے اسے واپس دیکھتے ہیں... واہ! یہ ناقابل یقین ہے کہ فطرت کتنی جلدی زمین کی تزئین کو تبدیل کر سکتی ہے۔


 نیبراسکا میں عجیب ملبہ کا بہاؤ
سال 2024 کے دوران سامنے آنے والے محئیر العقوم مظاہر میں سے ایک  نبراسکا میں سامنے آیا۔ یہ اولوں (ژالہ) کی بارش کے بعد ژالہ ملے ملبہ کے بلندی سے زیریں علاقہ کی طرف بہنے کا منظر تھا۔  اس موسم گرما میں نیبراسکا کے ایک میدان میں یہ اولوں سے بھرا ہوا ملبہ بہتے کئی لوگوں نے دیکھا اور اس کی ویڈیوز بنائیں۔

 

 ویڈیو  میں اس موسمی رجحان کی غیر معمولی  قوت اور غیر معمولی نوعیت کو کدیکھا اور سمجھا جا سکتا ہے۔ یہ ہر روز نہیں ہوتا  کہ آپ اولوں سے ڈھکے ہوئے کھیت کو، برف کے دریا کی طرح حرکت کرتے ہوئے دیکھیں!


 ویتنام میں قوس قزح کے سحر انگیز بادل
ایکو ویدر کی ٹیم نے سال کے جس موسمیاتی فنامنا کو سب سے زیادہ مسحور کن مانا ہے وہ کچھ اور نہیں بس ایک رین بو ہے۔ رین بو تو ہم سب بچپن سے ہی دیکھتے آ رہے ہیں۔ ہر رین بو ہمیں مسحور ہی کرتی ہے تو آخر اس رین میں ایسا کیا خاص سحر تھا کہ اسے عجیب موسموں اور موسمیاتی مظاہر سے بھرے سال 2024 کا عجیب ترین موسمیاتی فنامنا مان لیا جائے۔ دراصل یہ ایسا ہی ہے۔ ہوچی منہہ سٹی کے افق پر 20 مئی کو نمودار ہونے والے رین بو بادل کو جن لوگوں نے دیکھا انہوں نے ایک کی ویڈیوز بھی بنا لیں اور اس آفاقی حسن کے مظہر کو  دوبارہ، سہ بارہ دیکھنے کے لئے ہمیشہ کے لئے محفوظ کر لیا۔

اگر اس منظر کی ویڈیو میں زندہ انسان اور حقیقی ماحول کی عکاسی نہ ہوتی تو ہم میں سے بیشتر اسے دیکھ کر  کسی مافوق الزمین طلسماتی دنیا کی تخیلاتی عکاسی ہی تصور کرتے۔ نہیں یقین تو خود اس انسٹاگرام ویدیو کلپ میں دیکھ لیجئے۔ 

 ویتنام  کے دارالحکومت ہوچی منہہ کے آسمان پر اس طلسماتی رین بو کا ظہور  کیمرے  کی آنکھ نے، اسے نہ دیکھ پانے والے باقی انسانوں کے لئے مھفوظ کر کے یقیناً  باقی انسانوں پر خاص مہربانی کی۔ اسے سال کا سب سے خاص موسمیاتی مظہر  قرار دینے میں ایکو ویدر کی ٹیم کو یقیناً زیادہ سوچنا نہیں پڑا ہو گا۔

رین بو چھوٹی پو یا بڑی، ادھوری ہو یا پوری، اس کے بننے کا عمل ہمیشہ ایک ہی ہوتا ہے، پانی کے قطرے میں روشنی کا انشقاق۔ یہ انشقاق کتنی بھرپور رین بو دکھا پاتا ہے یہ اس لمحہ کو دیکھنے والوں کی قسمت پر منحصر ہوتا ہے۔ خدا مہربان ہو تو پانی کے ایک قطرے میں ہی اپنی جنت کے تمام رنگ دکھا دیتا ہے۔ 


اس سٹوری کا مواد اور اس میں شامل سکرین شوٹس ایکو ویدر کی ویب سائٹ سے  شکریہ کے ساتھ لئے گئے۔ اس سٹوری کو براہ راست ایکو ویدر کی ویب سائٹ پر دیکھنے کے لئے اس لنک کو کلک کیجئے۔

مزیدخبریں