اویس علی : فیصل آباد میں فیسکو نے بجلی چوری کو روکنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے اور نئے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے جس کے تحت ٹرانسفارمر میٹرز متعارف کروا دیے گئے ہیں۔ یہ میٹرز گھریلو، کمرشل، انڈسٹریل اور گورنمنٹ کنکشنز سے بجلی چوری کی نگرانی کرنے کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
فیسکو کے مطابق ریجن بھر کے ہر ٹرانسفارمر پر جدید ٹیکنالوجی پر مبنی میٹر نصب کیا جائے گا جس سے 53 لاکھ صارفین کی بجلی کی کھپت کا جائزہ لیا جا سکے گا۔ ان میٹرز کے ذریعے ہر علاقے میں استعمال ہونے والے یونٹس کی تفصیلات حاصل کی جا سکیں گی اور کسی بھی علاقے میں چوری ہونے والے یونٹس کی نشان دہی کی جا سکے گی۔
فیسکو نے اس منصوبے کو تیزی سے مکمل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام بجلی چوری کے خلاف ایک مؤثر حربہ ثابت ہوگا اور صارفین کی بجلی کی کھپت پر مکمل نگرانی رکھی جائے گی۔