لاہورریجن کرکٹ ایسوسی ایشن نےاہم امورکی منظوری دیدی

24 Dec, 2024 | 01:27 PM

شہباز علی:  لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس صدر خواجہ ندیم احمد کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اہم امور کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری لاہور ریجن شاہد حامد بٹ، صدر ویسٹ زون نوشاد احمد، صدر نارتھ زون اعجاز بٹ، صدر ایسٹ زون بلال مقیت، چیف سلیکٹر عمران بچہ، منیجر کرکٹ آپریشنز عابد حسین اور منیجر فنانس محمد اسلم نے شرکت کی۔

اجلاس میں لاہور ریجن اور کائزن پینٹ کے مابین جونیئر کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک سالہ معاہدے کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اس معاہدے کے تحت عمران بچہ کو پروگرام کا کمانڈنٹ مقرر کیا گیا۔ پروگرام میں نادار بچوں کو فری کرکٹ کٹس فراہم کی جائیں گی اور انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ مزید برآں آئندہ سال کے سینئر، انڈر 19، انڈر 17 اور انڈر 15 کے ریجنل ٹورنامنٹس کی منظوری بھی دی گئی۔ تینوں زونز کو 10 جنوری تک سینئر، انڈر 19 اور انڈر 17 کی 4،4 ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، تینوں زونز انڈر 15 کی 3،3 ٹیمیں تشکیل دیں گے۔

ٹیموں کی سلیکشن کے لیے ہر زون کی سلیکشن کمیٹی 3 ارکان پر مشتمل ہو گی، جس میں ریجنل نمائندہ، ریجنل کوچ اور متعلقہ زون کا نمائندہ شامل ہو گا۔ ٹیموں کے انتخاب کے بعد کھلاڑیوں کے پی سی بی ضابطہ کے تحت کلائی ٹیسٹ بھی ہوں گے۔

اجلاس میں فعال کرکٹ کلبز کی مکمل جائزہ رپورٹ بھی جمع کرانے کی ہدایت جاری کی گئی اور تینوں زونز میں کھلاڑیوں کی کلب رجسٹریشن فیس میں اضافہ کی منظوری بھی دی گئی۔ 

مزیدخبریں