سعیداحمدسعید: پاکستان کے ریلوے سسٹم میں بوگیوں کی شدید قلت کے باعث ٹرین آپریشنز متاثر ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، موجودہ وقت میں ریلوے سسٹم پر 35 میل ٹرینیں اور انٹرسٹی 36 ٹرینیں چل رہی ہیں لیکن 1537 بوگیوں کی بجائے صرف 1154 بوگیوں سے کام چلایا جا رہا ہے۔اس وقت ریلوے سسٹم میں 383 بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے، جس کے باوجود ٹرین آپریشنز جاری ہیں۔
ذرائع کے مطابق 82 بوگیاں بغیر مرمتی کام کے ٹریک پر چلائی جا رہی ہیں، جس سے کسی بڑے حادثے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔ریلوے سسٹم میں موجود 509 بوگیاں مرمت کے لیے توجہ کی منتظر ہیں، مگر فنڈز اور میٹریل کی کمی کے باعث ان کی بروقت مرمت نہیں ہو پا رہی۔
کراچی سے لاہور آنے والی ٹرینوں کی بوگیاں راولپنڈی ٹرینوں میں لگائی جاتی ہیں، اور پنڈی ریل کار کی بوگیاں تیزگام اور پاک بزنس ٹرینوں میں لگا کر کراچی بھیج دی جاتی ہیں۔یہ کمی روزانہ کی بنیاد پر ٹرینوں کی دو سے تین گھنٹے کی تاخیر کا سبب بن رہی ہے، جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔